نیو یارک: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔
امریکی اخبار کو انٹرویو میں وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اورامریکا اپنی ماضی کی غلطیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کومزید خراب ہونے دینا دانشمندی نہیں ہوگی۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اورامریکا کے باہمی تعلقات جس طرح کے رہے ہیں وہ نہ پاکستانی اورنہ ہی امریکی عوام کے مفاد میں ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ امریکا اورپاکستان کے درمیان مختلف امور پراتفاق زیادہ ہے اوراختلاف کم ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان تناؤ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کا حصہ بننا اس طرح ہے جیسے امریکا میں ٹرمپ اورکلنٹن خاندان ایک حکومت کا حصہ ہوں۔میں انقلاب کے بجائے ارتقا پریقین رکھتا ہوں۔ پاکستان اورامریکا کے درمیان بہت سی چیزیں مشترکہ ہیں۔دونوں ممالک کو پنے مثبت تعلقات پرجذبات کوحاوی نہیں ہونے دینا چاہئیے کیونکہ اس میں کسی کا بھی فائدہ نہیں۔
افغانستان سے متعلق بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا اورپاکستان یہ چاہتے ہیں اپنے رویے بہتربنانے اورافغان عوام کے لئے ملک میں استحکام لانے کے لئے طالبان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔