بلوچستان بلدیاتی انتخابات: فائرنگ اور لڑائی، 1 شخص جاں بحق، 16 زخمی

Published On 29 May,2022 04:31 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور لڑائی جھگڑے سے ایک شخص جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے، ڈیرہ بگٹی میں 3 راکٹ فائر کئے گئے، قلات میں پولنگ سٹیشن پر دستی بم حملے سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے لیے صوبے کے 32 اضلاع میں پولنگ ، الیکشن کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے ہوئے، فائرنگ اور بم حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے، قلات کے علاقے منگچر جوہان کراس بازار کے قریب روڈ کنارے نصب بم دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوا، قلات میں ہی میونسپل کمیٹی انٹر کالج پولنگ سٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا جس سے ڈیوٹی پر مامور دو لیوز اہلکار زخمی ہوئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، نوشکی میں یوسی 1 وارڈ نمبر 7 پدگ میں دو گروپوں میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، زخمی شخص ہسپتال منتقلی کے وقت زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا، بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں پولنگ سٹیشن پر نامعلوم سمت سے 3 راکٹ فائر ہوئے جو پولنگ سٹیشن میں موجود لیویز چوکی کے قریب گرے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈیرہ بگٹی میں ضلع کوہلو یونین کونسل 6 وارڈ نمبر 2 مصری خان ماکوڑی میں لڑائی کے دوران 8 افراد زخمی ہوئے، جبکہ کوہلو میں مونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 کے فیمیل پولنگ اسٹیش میں ہاتھا پائی سے 4 افراد زخمی ہوئے، لورالائی کے علاقے کلی زنگیوال پولنگ سٹیشن میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے سے ایک شخص زخمی ہوا۔
 

Advertisement