اسلام آباد:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی سے ڈی سیٹ ہونے والے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے آئندہ 48 گھنٹےمیں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے پنجاب کے منحرف ارکان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لئے مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے، ڈی سیٹ ارکان اسمبلی نے اپنی لیگل ٹیم کیساتھ مشاورت میں اپیل کو حتمی شکل دیدی، اگلے 48 گھنٹوں میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی جائے گی۔
تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان اسمبلی الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈی سیٹ کیے جانے کیخلاف عدالت میں اپیل دائر کر رہے ہیں، ڈی سیٹ ہونے والے ارکان اپیل کے ساتھ ساتھ ضمنی انتخاب کے عمل میں بھی حصہ لیں گے۔