کوئٹہ : عدالت نے گریڈ 20 کے افسر کو اربوں کی کرپشن پر جیل بھجوا دیا

Published On 01 June,2022 01:49 pm

کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ کی احتساب عدالت نے بلوچستان کے گریڈ 20 کے ایک اور حاضر سروس افسر کواربوں روپے قومی خزانے کونقصان پہنچانے کے جرم میں قید اورجرمانے کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا۔

ترجمان کے مطابق نیب بلوچستان نے کچھ عرصہ قبل حاضر سروس ڈی جی خزانہ اینڈ اکاونٹس و سابق ڈی جی پسنی فش ہاربرعلی گل کرد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو دوران تفتیش ثابت ہوا کہ ملزم نے شہر کے مہنگے علاقے سمنگلی روڈ پر کمرشل پلازے بنا رکھے ہیں۔ مزید تحقیقات کے نتیجے میں ملزم اوراسکے بیٹے کے نام کوئٹہ اور مستونگ میں کئی ایکڑ اراضی، 90فلیٹس، شادی ہال اور 25 دکانیں سامنے آئیں۔ جس پرنیب بلوچستان نے ملزم کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ آفتاب احمد لون کی عدالت میں دائر کرایا۔

عدالت نے ٹرائل کے بعد ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں اور دلائل کی روشنی میں حاضر سروس افسر سابق ایم ڈی پسنی فش ہاربر علی گل کرد کو 63 کروڑ روپے جرمانے، 7 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے جبکہ شہر کے مہنگے علاقے میں اربوں روپے مالیت کے کمرشل پلازے اور ایکڑوں اراضی بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔
 

Advertisement