حمزہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئےان ایکشن، وزیر اعلی آفس میں پرائس ڈیش بورڈ قائم

Published On 08 June,2022 08:46 am

لاہور : (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ان ایکشن، وزیراعلی حمزہ شہباز کی خصوصی ہدایت پر وزیر اعلی آفس میں پرائس ڈیش بورڈ تیار کرلیا گیا۔

وزیر اعلی حمزہ شہباز آج پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کریں گے، ڈیش بورڈ پر پرائس کنٹرول کے حوالے سے متعلقہ محکموں اور اضلاع کی کارکردگی کی آن لائن مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی سرگرمیوں کو بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹر کیا جا سکے گا۔

وزیر اعلی پنجاب کو بھی ڈیش بورڈ تک رسائی حاصل ہو گی، حمزہ شہباز خود پرائس ڈیش بورڈ کو مانیٹر کریں گے، وزیر اعلی حمزہ شہباز نے پرائس کنٹرول کا جائزہ لینے کیلئے آج اہم اجلاس طلب کر لیا اجلاس میں صوبائی وزراء، اراکین پنجاب اسمبلی اور متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔

ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیراعلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے باقاعدہ میٹنگ کروں گا، عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرکے اللہ کو بھی راضی کرنا ہے اور مخلوق کو بھی۔