لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد حمزہ شہباز سے وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سالک حسین اور شافع حسین نے ملاقات کی۔
وزیراعلی پنجاب سے وفاقی وزیر سالک حسین اور شافع حسین نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حمزہ شہباز نےملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا- باہمی ملاقات میں بھارت میں نبی کریمؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی شدید مذمت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمدؐ کے احترام کا تحفظ ہر ایک مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اسلامو فوبیا کے نتائج نفرت انگیزی کی صورت سامنے آرہے ہیں، جس کے سدباب کیلئے عالمی سطح پر جامع حکمت عملی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر سالک حسین نے کہا کہ ہماری مکمل سپورٹ آپ کیساتھ ہے اورہم چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ سیاسی اتحاد آئندہ بھی جاری رہے۔