لاہور: (دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے دوران میں اتفاق ہواہے کہ ورکنگ ریلیشین کو مضبوط بنایا جائے گا، صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑیںگے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کے درمیان لاہور کے بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں صوبائی وزراء عطا تارڑ، ملک محمد احمد علی، خواجہ سلمان رفیق، عمران گورایہ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، شرجیل میمن، ڈاکٹر عاصم حسین، سید علی حیدر گیلانی، سید حسن مرتضیٰ موجود تھے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سابق صدر نے حمزہ شہباز کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ آصف علی زرداری نے وزیر اعلی حمزہ شہباز کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جبکہ
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کااعادہ کیا جبکہ صوبے میں ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں اورایک رہیں گے۔ پیپلز پارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ساتھ لیکر چلیں گے۔ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا اتحاد عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور اجتماعی فیصلوں قائل ہوں۔