اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔
سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی نے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سعودی سفیر کی رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے 3 ارب ڈالر رول اوور کرنے پرسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شیریفین سے بے پناہ عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے، سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم اورانکے وفد کے سعودی عرب دورہ کیلئےانتظامات پربھی سعودی حکومت اورسفارتخانے کے ممنون ہیں۔ پاکستان میں 2011 میں قتل ہونے والے سعودی سفارتکار حسن القحطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے، قتل واقعے میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں، مجرمان کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے، پاکستان اورسعودی عرب ملکر داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان سے اس سال 81 ہزارسے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرینگے، رواں سال؛ حج کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں پاکستان کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔