جو بھی قانون توڑے گا وہ گرفت میں آئے گا: رانا ثنا اللہ کی وارننگ

Published On 05 June,2022 09:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی ہنگامہ آرائی اور فتنہ فساد کے دو درجن سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں، ضمانت ختم ہونے پر ان کی سکیورٹی ہی انہیں گرفتار کرلے گی، آپ جھوٹ بولیں، گولیاں برسائیں، آگ لگائیں اور ہم تماشائی بن کر دیکھتے رہیں، یہ نہیں ہوسکتا، جو بھی قانون توڑے گا وہ گرفت میں آئے گا۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بے گناہ پولیس اہلکار کی شہادت کے ذمہ داروں، اسلحہ، گولہ و بارود کوئی سیاسی ردِ عمل نہیں، آپ جھوٹ بولیں، گولیاں برسائیں، ڈنڈے چلائیں، آگ لگائیں، سر پھاڑیں، ہم تماشائی بن کر دیکھیں، یہ نہیں ہوسکتا، قانون اور قاعدے پر سختی سے عمل ہوگا، قانون کی خلاف ورزی کریں گے، نہ ہی کرنے دیں گے۔

وزیر داخلہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھگوڑے کو سرکاری ہیلی کاپٹر پر بنی گالا واپس آتے ہی جھوٹ کا نیا دورہ پڑ گیا ہے، 25 مئی کو جو ڈر کر چھپ گئے تھے، اب بلوں سے باہر نکل آئے ہیں، 11 دن پہلے کوئی نکلا نہ اب کوئی نکلے گا، جن کا مال کھایا ہے وہ البتہ وصولی کے لئے بنی گالا ضرور آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکر ہے انقلاب آج پشاور سے خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پہ اکیلا بنی گالا پہنچ گیا، عوام نے آپ کو مسترد کر کے اپنا عوامی ردِ عمل دے دیا ہے، عوام نے بھگوڑوں کے خلاف عوامی ردِ عمل دے دیا ہے، جس کے بولنے اور کھلے رہنے سے ہمیں فائدہ ہو اُس کی گرفتاری میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا، جو بھی قانون توڑے گا قانون کی گرفت میں آئے گا۔

 عمران نیازی کی ضمانت ختم ہونے پر ان کی سکیورٹی ہی گرفتار کر لے گی

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں، ان کی ضمانت ختم ہونے پر ان کو دی گئی سکیورٹی ہی گرفتار کر لے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ عمران خان کو قانون کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، وہ 2 درجن سے زائد مقدمات میں نامزد ہیں جن میں ہنگامہ آرائی،فتنہ وفساد،وفاق پرمسلح حملوں کےجرائم شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اخلاقی اورجمہوری قدروں سےیکسرعاری ہیں، اپنےمخالفین کوغدارکہہ کےپکارتے ہیں۔ ایساشخص کس طرح ایک جمہوری معاشرےمیں سیاسی جماعت کاسربراہ ہوسکتاہے، یہ پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

Advertisement