راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آر نے سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر لگائےگئے الزامات کی تردیدکی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شاہین صہبائی اور کچھ دیگر افراد کی جانب سے جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بے بنیاد پروپیگنڈا ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خود شوکت ترین نے بھی اس کی تردید کی ہے، ذاتی مفادات کے لیے ادارے اور اس کی قیادت کے خلاف بدنیتی پر مبنی الزامات اور صریحاً جھوٹ بولنا قابل مذمت ہے، ادارہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیٹر شوکت ترین نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر لکھا کہ میں واضح طور پر اس بات کی تردید کرتا ہوں جو شاہین صہبائی نے مجھ سے منسوب کی ہے۔ مجھے کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ نے نہیں کہا کہ میں عمران خان کو چھوڑ کر شہباز شریف کی حکومت میں شامل ہوں۔
I categorically deny what has been attributed to me by Shaheen Sebhai. I was never asked by anyone in the establishment to leave IK and join Shahbaz Shareef govt.
— Shaukat Tarin (@shaukat_tarin) June 8, 2022