لاہور: (دنیا نیوز) انسداد منشیات عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں شریک ملزمان نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
رانا ثنا اللہ کے وکلاء نے کہا وفاقی وزیر داخلہ قومی اسمبلی میں سالانہ بجٹ سیشن میں مصروف ہیں اس لیے حاضر نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی اس موقع پر وکلاء نے استدعا کی رانا ثنا اللہ کے اکاؤنٹس کھولنے کے حوالے سے درخواست پر فیصلہ کر دیں جس پر عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق پہلے منشیات برآمدگی کیس پر فیصلہ ہوگا، اکاؤنٹس کھولنے کی درخواست پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔