سندھ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا پلڑا بھاری، 2288 نشستوں پر جیالے کامیاب

Published On 27 June,2022 10:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا پلڑا تاحال بھاری ہے، 2 ہزار 288 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ جیالے آگے ہیں، جی ڈی اے 65 کے ساتھ دوسرے جبکہ جے یو آئی 43 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

سندھ کے گذشتہ روز ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، 6 ہزار 277 سیٹوں میں سے 2 ہزار 455 کے نتائج سامنے آ گئے جن کے مطابق پی ٹی آئی صرف 13 سیٹوں پر کامیابی حاصل کر سکی ہے جبکہ آزاد امیدوار 40 نشستیں جیت چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو تاریخی شکست دی ، سندھ کے ہر ضلع میں بڑی اکثریت سے فتح حاصل کی ہے ، لاڑکانہ میں پی پی تمام ٹاونز اور ڈسٹرکٹ کونسل میں کامیاب ہوئی، مخالفین نے پی پی کیخلاف جتنے بھی اتحاد بنائے تمام پاش پاش ہو گئے ،لاڑکانہ میں تاریخی فتح کے بعد میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواب شاہ سے بیلٹ باکس اور پریذائیڈنگ افسران اٹھا لئے گئے، لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخابات میں ذمہ داران بہتر انتظامات کریں، 17جولائی کو اسی طرح کی چور بازاری اور غنڈہ گردی ہوئی تو انارکی پھیلے گی، ایسی صورتحال میں جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے، معیشت دم توڑ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو تو کل پتہ لگ جانا چاہیے، اے این پی کو پتہ لگ گیا ، بی اے پی کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔
 

Advertisement