اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف تگنی کا ناچ نچا رہا ہے، معاہدے کو پچھلے 3 سال میں اچھے طریقے سے ڈیل کیا جاسکتا تھا۔
اسلام آباد میں شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک ارب ڈالر کے لئے آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچا دیا، ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا، آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا گیا جو خامیوں سے بھرپور تھا اور شرائط بھی صحیح نہیں تھیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں، یہ بھی سوچا کہ کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن الیکشن میں جاتے اور ملک کو نگران سیٹ کے حوالے کیا جاتا تو ملک ڈیفالٹ کی طرف جا سکتا تھا، پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے صرف فرح گوگی اوراحسن گجر کی تقدیر بدلی، ملک کے لئے کچھ کرسکتے تو 4 سالوں میں کرلیتے، ایک شخص کے علاوہ سب اکٹھے ہیں، ایک شخص ہرایک کو گالی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کی آنکھ کے اشارے سے ملک ہل جاتا تھا آج وہ خود ہل بھی نہیں سکتا، شہدا کی قربانی قوموں کی تقدیر کو بدلتی ہے، شہید کا قرض تو پوری قوم پر ہوتا ہے۔
رانا ثناء نے کہا کہ ایک فرد واحد انتشارپھیلانے پر تلا ہوا ہے، تکبر اور غرور انسانوں کو تباہ کرتا ہے، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، عمران خان کہتے ہیں وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے اورلوگوں کوگالیاں دیتے ہیں، یہ کہتے ہیں فلاں کو نہیں چھوڑوں گا ، ایک انسان کی اوقات کیا ہے ؟ اس قسم کی گفتگو قوم کو نقصان پہنچاتی ہے۔