تمام نظریں سپریم کورٹ پر، عمران خان نے احتجاج کی کال دیدی

Published On 22 July,2022 10:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابی عمل پر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس پر حیران ہوں۔ اب تمام نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، سابق صدر آصف زرداری ہر الیکشن میں چوری کا پیسہ چلا کر جمہوریت خریدتا ہے۔

 قوم سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کی ایک بنیاد اخلاقیات ہوتی ہے، برطانیہ کا وزیراعظم اگر قانون توڑتا ہے تو اسے استعفی دینا پڑتا ہے، اخلاقیات کی بنیاد پر جمہوریت کھڑی ہوتی ہے، پہلے ہم نے سندھ ہاؤس میں تماشا دیکھا تھا، سندھ ہاؤس میں سب نے دیکھا منڈی لگی، سندھ ہاؤس میں سیاست دانوں کے ریٹ لگے، بھیڑ،بکریوں کی طرح ممبران پارلیمنٹ کی بولیاں لگیں، نامور ڈاکو زرداری 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، زرداری، شریف بیرونی سازش کا حصہ بنے۔ جس طرح سندھ ہاؤس میں منڈی لگی اگر کوئی مہذب معاشرہ ہوتا تو کوئی ایکشن لیا جاتا، راہول گاندھی نے کہا ہمیں پاکستان کے خلاف فوج کی ضرورت نہیں، 25 مئی کوخواتین، بچوں پر ظلم کیا گیا، بچوں، خواتین پر ظلم کے باوجود ہم پرامن رہے۔

 انہوں نے کہا کہ جس طرح 25 مئی کو عوام باہرنکلی ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا، عوام بیرونی سازش کے خلاف باہرنکلی، عوام کو بیرونی سازش، دوسرا کرپٹ لوگوں کو اوپر لانے کا غصہ تھا، ڈالر آج 230 روپے تک پہنچ گیا ہے، ان کومہنگائی کی کوئی فکرنہیں آتے ہی 1100 ارب کی چوری معاف کرائی۔ ضمنی الیکشن میں کرپٹ الیکشن کمیشن کو شکست دی، جب ہم الیکشن جیت گئے تو آج وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہونا تھا، رات کو ضمیروں کا سوداگر پہنچ گیا، زرداری نے سندھ کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، آصف علی زرداری عوام میں نہیں نکل سکتا، عوام اسے انڈے ماریں گے، زرداری نے ہر الیکشن میں پیسہ چلایا، یہ بلیک کے پیسے سے جمہوریت کو خریدتا ہے، ہمیں رات کوپتا چل گیا تو زرداری گیم چلارہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ابھی تک حیرت میں ہوں انہوں نے کیا کیا، یہ مافیا سمجھتا ہے عوام بھیڑ بکریاں ہے، سپریم کورٹ کی رولنگ ہے پارلیمانی پارٹی کا ہیڈ ووٹ دینے کا فیصلہ کرتا ہے، عدالتی فیصلے میں پارٹی ہیڈ کا نام نہیں لکھا ہوا ہے، جب میں نے لیٹرلکھا تھا تواسے رد کردیا گیا تھا، یہ جوڈپٹی اسپیکربنا ہے اسے شرم نہیں آتی، ووٹ ڈال دیئے گئے اوراس نے دوسرے کو جتوادیا، جمہوریت میں اس طرح کا مذاق ہوتا ہے، یہ جمہوریت نہیں یہ لوگ اس ملک کولوٹنے آتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ان کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے، مجھے افسوس ہے پہلے ہی معیشت کا برا حال ہے، معاشی بحران بڑھتا جارہا اوراب مزید بڑھے گا، کیا لوگ اس فیصلے کومان جائیں گے، برطانیہ کی جمہوریت کواچھی طرح جانتا ہوں، آج آپ سب پرامن احتجاج کریں ہم نے بتانا ہے بھیڑ بکریاں نہیں، ہم نے ان کوبتانا ہے زندہ قوم ہیں، نوجوانوں کوکہتا ہوں آج رات سب اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کہتا ہوں سب کی نظریں آپ کی طرف ہیں، زرداری، نواز شریف کے خلاف 26 سال پہلے جہاد شروع کیا تھا، جب تک ہم طاقتور ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک کا کوئی مستقبل نہیں، یہ لوگ مافیا ہیں سیاست نہیں، جس ملک میں بڑے ڈاکوؤں کو نہ پکڑا جائے تباہ ہو جاتی ہیں، چوری کے پیسے سے پہلے حکومت گرائی اور اب دوبارہ لوگوں کوخرید لیا، اگر ان کو نہیں پکڑیں گے تو یہ بار بار ایسا کریں گے، جیسے جیسے روپیہ گرے گا ان کی دولت میں اضافہ ہوگا، ان کے اربوں ڈالر بیرون ملک پڑے ہیں، نوجوان آج احتجاج کریں اوربتادیں ڈاکوؤں کوتسلیم نہیں کریں گے۔

Advertisement