شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 3 دہشتگرد ہلاک، اہم کمانڈر سمیت 4 گرفتار

Published On 23 July,2022 08:12 pm

میرانشاہ: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ انتہائی اہم کمانڈر سمیت 4 کو گرفتار کر لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف مقامات خفیہ معلومات پر دو آپریشن کیے۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے پہلے آپریشن کے دوران انتہائی اہم کمانڈر سمیت 4دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسرے آپریشن کے دوران 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، مارے جانے والے تینوں دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ آپریشن میں مارے جانے والے تینوں دہشتگردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، ہلاک دہشتگرد معصوم شہریوں کے قتل اور اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث تھے جبکہ سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
 

Advertisement