اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوئی لیکن بعض لوگ ہونے کوتیارنہیں:خواجہ سعد رفیق

Published On 23 July,2022 10:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوئی لیکن بعض لوگ نیوٹرل ہونے کوتیارنہیں۔

لبرٹی چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ آج بھی ریاستی اداروں میں عمران خان کے سہولت کارآرام سے نہیں بیٹھے، 2018ء میں آرٹی ایس کو بند کر کے ووٹ چوری کیے گئے، 2018ء میں پنجابیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، پنجاب میں ہماری اکثریت کواقلیت میں بدلا گیا، ہماری قیادت کوجیلوں میں ٹھونسا گیا، اس بات کا جواب دیں کوئی کرپشن ملی، ہم آئین کے مطابق عدم اعتماد لیکرآئے، پراجیکٹ عمران خان کی آج بھی سہولت کاری کی جاری ہے، ہماری چارماہ کی حکومت کوکام نہیں کرنے دیا گیا، پنجاب میں حمزہ شہبازکے پاؤں نہیں لگنے دیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہوئی لیکن بعض لوگ نیوٹرل ہونے کو تیار نہیں، ایسے فیصلے آئے ہیں جوآئین سے متصادم ہے، آئین بنانے کا حق پارلیمنٹ کو ہے، 63اے پرسپریم کورٹ کی رائے آئین سے متصادم ہے، 63اے پرہماری ریویوپیٹیشن کو کوئی نہیں سن رہا۔

سعد رفیق نے عمران خان سے متعلق کہا کہ کہتا تھا لاہورمیں دو دن رہونگا، عمران نیازی لاہور تمہیں مسترد کرے گا، تم نے پنجابیوں کوسمجھا کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوبیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، ہمیں دیوارکے ساتھ ساتھ بارلگایا گیا، ملک کوچلنے دیا جائے، ڈالر اوپر اور سٹاک مارکیٹ نیچے جارہی ہے، عمران خان کہتا ہے ملک سری لنکا بننے جارہا ہے، تمہارے منہ میں خاک ہو، اگراس کے سہولت کارپیچھے نہیں ہٹیں گے تو بتادیں ملک کون چلائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خرابی کی بنیاد 63 اے کی تشریح ہے، اس پر بحث کی جائے، 63اے کی ہماری درخواست کو سنا جائے، عمران تم سمجھتے ہو ہم جائیں گے تو الیکشن آ جائے گا، ہمیں دھکیل کر نکالا گیا تو الیکشن نہیں آئے گا، کسی یکطرفہ فیصلے کے نیتجے میں استحکام نہیں آئے گا، ہم چاہتے ہیں یہ لڑائی جنگ میں نہ بدلے، غیرملکی سازش، غداری کے جھوٹے طعنے عمران خان بند کرو، ہم ملک میں اندرونی لڑائی نہیں چاہتے ہوش کے ناخن لو، اتحادی جماعتوں کو دیوارسے لگانے کی سازش بند کی جائے، پاکستان میں الیکشن اپنے وقت پرہوں گے، اگروقت سے پہلے الیکشن ہوں گے توکوئی اورنہیں سیاست دان کریں گے۔

 

Advertisement