کراچی:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ابتک نارمل بارشوں سے 369 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی، سندھ میں مون سون سیزن میں 48.5 ملی میٹر بارشیں ہوتی ہیں، کراچی میں 556 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سندھ بھر میں بارشوں کے دوران ہونے والے نقصانات سے متعلق بذریعہ ویڈیو لنک وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر شریک ہوئے۔
دوران اجلاس مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو صوبے میں بارشوں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ سندھ کے تقریباً تمام شہروں میں تینوں اسپیل میں بارشیں ہوئی ہیں، ابتک سندھ میں 93 اموات اور 59 افراد زخمی ہوئے ہیں، 93 اموات میں 47 بچے ہیں جو انتہائی تکلیف دہ بات ہے۔
مرادعلی شاہ نے بتایا کہ بارشوں کے باعث 35 کراچی واٹر بورڈ کی سیوریج کی لائن کو نقصان پہنچا، 3 پل ضلع غربی اور ملیر میں ٹوٹ گئیں، کراچی میں اہم سڑکیں جس میں ای بی ایم کازوے، کراسنگ کازوے بری طرح متاثر ہیں، صوبے بھر میں 15547 جزوی طور پر اور 2807 گھر مکمل گرگئے، 89213 ایکڑوں پر فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔
بارشوں کی دوران صوبائی حکومت کی جانب سے ریلیف آپریشن سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے 62 پانی نکاسی کے ہیوی پمپس صوبے میں مختلف جگہوں پر لگائیں ہیں، کراچی شہر میں 30 پمپس لگائے گئے ہیں، 300 راشن بیگز اور پکا ہوا کھانا بھی بارش متاثریں میں جہاں ضرورت ہے تقسیم کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم سے سندھ میں بارشوں سے ضائع ہونے والی جانوں کیلئے وفاق سے معاوضہ دینے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔