اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اور قربانیاں سب جانتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ہم نے امریکا کے سرکاری بیانات اور افغانستان میں امریکا کی طرف سے انسداد دہشت گردی کے آپریشن کے حوالے سے میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اور قربانیوں سے ہر کوئی آگاہ ہے، پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے کھڑا ہے۔