اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، تحریک قائد ایوان سینیٹ و وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔
تحریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر پانچ اگست کو ایک غیر آئینی کام کیا، انڈیا نے عالمی قوانین کا مذاق اڑایا ۔۔کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے پاکستان نے بھرپور آواز اٹھائی، اور اس معاملے پر عالمی فورمز سے رجوع کیا، کشمیر کی آزادی تک پاکستان چین سے نہیں بیٹھے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 5 اگست کو تاریخ کا طویل ترین لاک ڈٓاون نافذ کر دیا تھا۔ کشمیری مسلمانوں کو ان کے گھروں میں نظربند کر دیا گیا ہے، آپس میں رابطوں سے روکنے کیلئے انٹرنیٹ کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے۔ ان شدید پابندیوں میں جکڑے کشمیریوں کو 3 سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔