راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بہادر کشمیری عوام کیساتھ کھڑی ہیں۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کے خلاف 1095 دن کا بدترین محاصرہ اور وحشیانہ مظالم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاک فوج کی جانب سے شہدائے کشمیر کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت بھی پیش کی گئی۔
واضح رہے کہ آج دنیا بھر میں کشمیری یوم استحصال کے طور پر منا رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھی احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں شریک مظاہرین نے کشمیر پر بھارتی جبرواستبداد کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غاصب بھارتی فوجیو، کشمیر سے نکل جاو ، مودی حکومت فاشسٹ حکومت سمیت دیگر نعرے درج تھے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ مودی حکومت کے 5 اگست کے اقدام کے سبب مقبوضہ کشمیر 2019 سے دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے مگر عالمی برادری اس انسانی حقوق کی اس سنگین خلاف ورزی پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔