شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کیخلاف نظرثانی اپیل مسترد

Published On 12 August,2022 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ مسترد کرنے کے خلاف دائر نظرِ ثانی کی اپیل مسترد کر دی۔

اسلام آباد کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج محمد عدنان خان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے پراسیکیوٹر کی اپیل مسترد کی ہے۔

اس سے قبل عدالت نے سماعت کے دوران اپیل قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آپ کی جانب سے دیے گئے دلائل سے مطمئن ہوئے تو سماعت کل دوبارہ ہو گی، اگر آپ کے دیے گئے دلائل سے مطمئن نہ ہوئے تو عدالت فیصلہ کر دے گی۔

عدالت نے پراسیکیوٹر رانا حسن عباس کو 2 بجے تک تیاری کر کے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

جج نے ہدایت کی کہ درخواست قابلِ سماعت ہے یا نہیں، آپ دلائل دیں، میں اس نظرِ ثانی کی اپیل پر سماعت ہی نہیں کر سکتا۔

اسلام آباد کی عدالت نے نظرِثانی کی اپیل پر سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی۔

2 بجے دوبارہ سماعت ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سناتے ہوئے شہباز گِل کا جسمانی ریمانڈ مسترد کرنے کے خلاف دائر نظرِ ثانی کی اپیل مسترد کر دی۔
 

Advertisement