اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور شہباز گل کیس سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے سے روک دیا اور ڈرائیور کی بیوی کو بیٹی سمیت گرفتاری پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرنا ہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا ڈرائیور بنی گالا میں روپوش ہے، گرفتاری کیلئے بنی گالا ریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
رانا ثناء اللہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے گفتگوکے ذریعے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ حل کیا جائے، عدم تعاون کی صورت میں مجھے آگاہ کیا جائے، بنی گالا ریڈ کرنے سے پہلے اجازت لی جائے، شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرنے کیلئے ڈرائیور کو ہرصورت گرفتار کیا جائے، دوران گرفتاری چادر اور چار دیواری کا مکمل خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور گرفتاری اور شہباز گل کے مقدمے میں شواہد اکٹھا کرنے کے عمل کے دوران قانون کی مکمل پاسداری کی جائے۔