پنجاب پولیس کے رانا مشہود اور عطاء تارڑ کے گھروں پر چھاپے

Published On 13 August,2022 04:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں پولیس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 25 مئی کو پیش آئے پرتشدد واقعات کے حوالے سے پولیس نے مسلم ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ کے گھر جی تھری جوہرٹاؤن میں چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران عطا تارڑ گھر پر موجود نا تھے جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی کے گھر چھاپے کے دوران کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔

پولیس کے مطابق عطا تارڑ کو تفتیش کے لئے حاضری کا نوٹس بھجوایا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔

عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہاشم ڈوگر صاحب میرا خیال تھا آپ وزیر ہیں مگر آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے جس گھر میں، میں 15 سال پہلے رہتاتھا وہاں پولیس بھیج کر کسی راہگیر کو ہراساں کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ حال ہے آپ کا، خاک وزارت چلانی ہے آپ نے۔ ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔

ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے بھی کہا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر پر ریڈ کیا ہے۔ پنجاب پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا، میں فیملی کے ہمراہ اسلام آباد موجود ہوں، پولیس نے صبح کے وقت میرے گھر پر چھاپہ مارا، میں اسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پنجا ب پولیس اوچھے ہیتکھنڈوں پر اتر آئی ہے۔
 

Advertisement