لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت 25 مئی واقعے میں ملوث تمام ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ جنہوں نے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
سابق وزیراعظم سے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی و انتظامی امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کل کے جلسے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات خصوصا احساس راشن رعایت پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو صوبے میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے آگاہ کیا
عمران خان نے پنجاب حکومت کے کاروباری مراکز کےلئے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کے اقدام کو سراہا اور پنجاب کے عوام کیلئے احساس راشن رعایت پروگرام کے اجراء کے اقدام کی تعریف کی۔
سابق وزیراعظم نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔
اسی دوران پارٹی قیادت کے ساتھ ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت 25 مئی واقعے میں ملوث تمام ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ جنہوں نے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ہمارے رہنماوں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ قوم حقیقت دیکھ رہی ہے امپورٹڈ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرے۔ وزراء عوامی مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کریں۔