لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر تشدد کرنے کے کیس میں 18 ملزمان پی ٹی آئی رہنماوں کی عبوری ضمانتوں میں 26 جولائی تک توسیع کا حکم دے دیا۔
ملزمان کی طرف سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے، پی ٹی آئی رہنماؤں جمشید اقبال چیمہ ، حماد اظہر ،ڈاکٹر یاسمین راشد بھی عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال، زبیر نیازی، ندیم عباس بارا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
طارق اقبال، عدیل، زمان خان، افضال عظیم ، حسان نیازی، مراد راس اور یاسر گیلانی نے عبوری ضمانتیں دائر کیں، ملزمان رہنماؤں نے تھانہ شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، شفیق آباد اور گلبرگ میں درج مقدمہ میں ضمانتیں دائر کر رکھیں ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ضمانتوں پر سماعت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس دانستہ طور پر ملزمان کو شامل تفتیش نہیں کر رہی، ملزمان شامل تفتیش ہونے کیلئے جاتے ہیں تو تفتیشی موجود نہیں ہوتا۔
دوران سماعت عدالت نے ہدایت کی کہ ملزمان آج ہی پولیس کے روبرو پیش ہو کر شامل تفتیش ہوں۔