لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، پولیس پر تشدد کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 28 جون تک توسیع کا حکم دے دیا۔
عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، کارکنوں کی جانب سے لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے گئے۔
ملزمان کی جانب سے وکیل برہان معظم ملک نے دلائل مکمل کیے، انسداد دہشت گردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ، حماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، شفقت محمود پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، زبیر نیازی، ندیم عباس بارا سمیت دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے، پی ٹی آئی رہنماوں نے تھانہ شاہدرہ اور گلبرگ میں درج مقدمہ میں ضمانتیں دائر کیں اور انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ضمانتوں پر سماعت کی۔