اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے، امپورٹڈ حکومت کی کوئی سمت ہی نظر نہیں آرہی، بجلی اور پٹرول بجٹ سے پہلے ہی مہنگا کر دیا گیا، آج پی ٹی آئی اقتدار میں ہوتی تو روس سے سستا تیل پہنچ چکا ہوتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں 27 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا، پٹرولیم لیوی 60 روپے لگانے کے بعد پٹرول کی قیمت 275 روپے فی لٹر پر چلی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو مہنگائی کا طوفان یہ لے آئے ہیں ہر جگہ پر پاکستانی قوم ان کے خلاف کھڑی ہوگی، شہباز شریف کے 14 ملازمین کے ذاتی اکاؤنٹس میں سولہ ارب روپے آیا اور پھر یہ رقم شہباز شریف سلمان اور دیگر کے اکاؤنٹس میں گئی، چار ارب روپیہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت میں ساڑھے چار فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا، عمران خان نے تمام مسائل کے باوجود بہترین پرفارم کیا، اچھی خاصی چلتی حکومت کو ہٹانے کی کیا ضرورت تھی؟ پاکستان کے ہر شعبہ میں بہتری ہو رہی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہونے جارہی ہے، عمران خان کی حکومت میں 27 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا، کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت بہتر رہی۔