کارسرکار میں مداخلت، پی ٹی رہنماؤں کیخلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل

Published On 10 June,2022 05:39 pm

لاہور:(دنیا نیوز) کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور پولیس اہلکاروں پر حملے کے معاملے پر پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کر دیں۔

پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات لگا دیں، پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے، گرفتاری سے بچنے کے لئے تحریک انصاف کے 14رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کرلیا، ڈاکٹریاسمین راشد، حماد اظہر، اعجاز چودھری، محمود الرشید، میاں اسلم اقبال نے ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی، شفقت محمود، جمشید اقبال چیمہ، زبیر نیازی، ندیم بارا، عندلیب عباس سمیت 14رہنماؤں نے عدالت سے رجوع کیا۔

خصوصی عدالت نے تمام ملزموں کو 17جون تک گرفتار کرنے سے روک دیا جبکہ عدالت نے تمام ملزموں کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانےکا حکم دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رانا ثناء اللہ اور مریم نواز کی ایما پر حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کو تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات سے متعلق رپورٹ 17جون تک جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
 

Advertisement