عدالتی فیصلے کا انتظار، سب تیاری رکھیں، عمران خان کا احتجاج کی کال جلد دینے کا اعلان

Published On 08 June,2022 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ آنے پر تاریخ دوں گا۔ قانون کے اندررہ کر اجازت مانگ رہے ہیں، وقت زیادہ دورنہیں اسلام آباد احتجاج کی کال دوں گا، تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے، سب تیاری رکھیں۔

 پی ٹی آئی کے نیشنل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کرائے تو بڑے مسئلے آئے، دوسری پارٹیوں میں تو انٹرا پارٹی الیکشن ہی نہیں کرائے جاتے، وعدہ ہے پارٹی میں الیکشن کرا کر میرٹ لائیں گے۔ پارٹی میں فاسٹ ٹریک الیکشن وقت کی ضرورت تھی، اس سے بھی بہتر پارٹی میں الیکشن کرائیں گے، ہمیشہ سے کوشش رہی تحریک انصاف ایک ادارہ بنے گی۔ فیملی پارٹیوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت نہیں بڑھی، فیملی پارٹیوں میں دوخاندان ہے، پچھلے 60 سالوں میں فوج اور دو خاندانوں نے حکمرانی کی، ملک کے حالات ان لوگوں نے خراب کیے، ہماری حکومت توساڑھے تین سال رہی۔

 لانگ مارچ میں خواتین کی شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رکن پنجاب اسمبلی آسیہ کی بہت زبردست پرفارمنس رہی، تمام خواتین نے شیلنگ کا مقابلہ کیا، خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسلام میں خواتین کی بہت زیادہ عزت ہے، کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پولیس بے دردی سے خواتین، بچوں پر شیلنگ کرے گی، افسوس مارشل لا کے علاوہ کبھی جمہوریت کے اندر پولیس کا ایسا رویہ نہیں دیکھا۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش کے تحت 30 سال کرپشن کرنے والوں کومسلط کیا گیا، جب سے ہماری حکومت گرائی گئی اس کے بعد اتنے بڑے جلسے نہیں دیکھے تھے، ہماری حکومت میں فضل الرحمان، بلاول بھٹونے مہنگائی مارچ کیے کسی کونہیں روکا تھا، تین روپے پٹرول بڑھنے پر بلاول نے مہنگائی مارچ کیا تھا، ہم نے کبھی میڈیا پر بھی پابندیاں نہیں لگائیں، ہماری حکومت صرف فیک نیوزکے خلاف آوازاٹھاتی تھی، چار صحافیوں کیخلاف مقدمات بنائے گئے انہیں سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ صحافی اچھے اور برے ہوتے ہیں، 4 اینکرز قوم کا اثاثہ ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ناجائز حکومت نے لوگوں کو ڈرایا، دھمکایا، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھی، کسی کو بھی الیکشن کمیشن پراعتماد نہیں ہے، حلقہ بندیوں پربہت ساری شکایات آ رہی ہیں، یہ چور کو اقتدارمیں رہ کر تمام اداروں کی تباہی کریں گے، چیئرمین نیب اپنا لگوا کراپنے کیسزختم کروائیں گے۔ دنیا میں کبھی ملزم کیسے جج بن سکتا ہے، کرپٹ شخص کو آئی جی اسلام آباد لگا دیا گیا ہے، ان لوگوں کو کرپٹ سسٹم کوآگے بڑھانے کے لیے لگایا گیا ہے، لوڈ شیڈنگ اور پانی اس وقت بہت بڑا مسئلہ ہے، ہماری حکومت نے 50 سال بعد ڈیمز بنانا شروع کیے، موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ کومنفی کردیا ہے، چیئرمین واپڈا جنرل (ر) مزمل حسین کے جانے سے واپڈا کی ریٹنگ مائنس میں چلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں معیشت چھ فیصد پر گروتھ کررہی تھی، کورونا کے باوجود معاشی حالات بہترہورہے تھے۔ آج وہی اکانومی تیزی سے نیچے کی طرف جارہی ہے، ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی۔ بلاول نے پٹرول کی قیمت بڑھنے پرمہنگائی مارچ کیا تھا، مہنگائی مارچ میں بڑا پیسہ خرچ کیا گیا تھا، انہوں نے دس دنوں میں 60 روپے پٹرول مہنگا کر دیا ہے، انہوں نے 45 فیصد گیس کو مہنگا کر دیا ہے، انہوں نے دوماہ میں تاریخی مہنگائی کر دی ہے، ان کا مطلب مہنگائی کم کرنا نہیں تھا، اپنے کرپشن کے کیسز کو ختم کرانا تھا، امریکا کا مقصد اپنے پالتوؤں کو اقتدارمیں لانا تھا، ہم نے روس کے ساتھ سستا تیل کے لیے مذاکرات کرلیے تھے، روس سے جیسے واپس آئے انہوں نے عدم اعتماد پیش کر دی، اگران کوواقعی مہنگائی کی فکرہوتی توروس سے سستا تیل لیتے، وزیرخزانہ کہتا ہے روس ہمیں آ کر سستے تیل کی آفردے، یہ امریکا کی اجازت کے بغیرکچھ نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہدونوں پارٹیوں کے سربراہوں کے اربوں ڈالربیرون ملک پڑے ہیں، ان کوڈرہے کہیں امریکا ناراض ہو کر ان کے اکاؤنٹ منجمد نہ کر دے، امریکا نے زرداری، نوازشریف دور میں 400 ڈرون حملے کیے، ایک دفعہ انہوں نے ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، میرے جانے پرسب سے زیادہ خوشی بھارت، اسرائیل میں منائی گئی، کیا وجہ ہے شہبازشریف کے آنے سے ان کوخوشی ہوئی، ان کوپتا ہے شہبازشریف فارن ایجنڈے کے تحت چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج جس طرف ہمارا ملک جارہا ہے اس سے عوام کو فائدہ نہیں ہو رہا، دشمنوں کا ایجنڈا پاکستان کے ٹکڑے کرنا ہے، بھارتی ٹی وی پرکئی دفعہ سنا وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کے ٹکڑے ہونے چاہئیں، بیرونی فورسزنہیں چاہتی پاکستان مضبوط ہو، بیرونی فورسزچاہتی ہے پاکستان غلام ملک بنے، دشمن چاہتا ہے پاکستان فوج اور تحریک انصاف کمزورہو، ہم پرذمہ داری ہے ہم نے پورا زور لگانا ہے، عدالت سے قانون کے اندررہ کراجازت مانگ رہے ہیں، وقت زیادہ دورنہیں کال دوں گا، تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج کریں گے، سب تیاری رکھیں، عدالت سے فیصلہ آنے پرتاریخ دوں گا، ہم سیاست نہیں اپنے ملک کی آزادی کے لیے جہاد لڑرہے ہیں۔

عمران خان ایک مرتبہ پھر پی ٹی آئی کے بلامقابلہ چیئر مین منتخب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات میں عمران خان پارٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔

اعلامیے کے مطابق دیگر 2 پینلز کے امیدواروں نے عمران خان کے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کیا جس کے بعد وہ پارٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ دستبردار ہونے والے ایک پینل کی سربراہی عمر سرفراز چیمہ اور دوسرے کی نیک محمد کررہے تھے۔ انٹراپارٹی انتخابات میں شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین اور اسدعمر مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔

Advertisement