خیبر پختونخوا کے ایڈہاک ٹیچرز کا بنی گالہ میں احتجاج، مذاکرات ناکام

Published On 19 June,2022 06:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ایڈہاک ٹیچرز نے بنی گالہ میں احتجاج کیا، مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظاہرین نے آگے جانے کا اعلان کردیا۔

بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر خیبر پختونخوا کے ایڈہاک ٹیچرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا، مظاہرے میں شدید نعرے بازی کی گئی۔

اس موقع پر اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ 4 سال سے کنٹریکٹ پر کام کر رہے ہیں، پشاور میں کوئی شنوائی نہیں ہورہی، مستقل کیا جائے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اساتذہ سے گزارش ہے کہ پرامن رہیں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں، روڈ بند ہونے سے مریضوں اور بنی گالہ کے رہائشیوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں، پولیس کو ہدایت کردی گئی ہے کہ کسی کو چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر تک نہ پہنچنے دیا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی، اساتذہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں اور قوم کے لئے رول ماڈل ہوتے ہیں، اساتذہ کرام سے گزارش ہے کہ احتجاج کا مہذبانہ طریقہ اپنائیں، اسلام آباد پولیس شہر کی سکیورٹی پر کسی قسم کا ہرگز سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
 

Advertisement