اسلام آباد: (دنیا نیوز) لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتیں منظورکرلیں، شیخ رشید ،اسد عمر، شاہ محمود قریشی، شہریار آفریدی ،قاسم سوری ودیگر کی ضمانتیں منظور ہوئی ہیں۔
دوران سماعت فاضل جج نے ہداہت کی کہ ملزمان شامل تفتیش ہوں، جبکہ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 کا فیصلہ بھی مؤخر کر دیا۔
اس موقع پر شہریار آفریدی، قاسم سوری نے اسلام آباد کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں عدالت پیش ہوئے، نیب کے کیسز اور ایف آئی اے کے کیسز ختم کرنے کے لیے یہ لوگ آئے ہیں۔
قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کرپشن کے کوئی کیسز نہیں، مدینہ میں واقع ہوتا ہے اور توہین مذہب کا کیس سیاسی لوگوں کے خلاف پاکستان میں درج کردیا جاتا ہے، پاکستان میں امریکہ کی ایما پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت لائی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چور، لٹیرے آج حکومت میں بیٹھے ہیں، 6 ہزار ارب سے زائد کا ٹیکس تحریک انصاف نے اکٹھا کیا، پاکستان کا سب سے زیادہ زرمبادلہ لایا گیا، پاکستان تحریک انصاف 10 بڑے ڈیم بنا کر گئی، ہم نے دس لاکھ روپے کا عوام کو ہیلتھ کارڈ دیا۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے، ہمیں داغدار ماضی والے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں، چیف جسٹس پاکستان سوموٹو لیں رانا ثناء اللہ کیسے وزیر داخلہ بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہے، پاکستان کی عزت افواج پاکستان سے جڑی ہوئی ہے، ملک میں عوام کو جو گمراہ کر رہا ہے وہ میڈیا کو زیادہ پتہ ہے۔