لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے 25 مئی کو تشدد کی تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت آئندہ ہفتے نوٹیفکیشن جاری کرے گی،، رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو بھی نوٹس جاری کئے جائیں گے۔
25 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں پر تشدد کے معاملے پر پارٹی نے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن کے لئے کمر کس لی۔
25 مئی کو تشدد کے واقعات کی تحقیقات کے لئے پنجاب حکومت کی سپیشل ٹیم بنانے کا فیصلہ کر لیا اور وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور معاون خصوصی عطا تارڑ کو بھی نوٹس جاری ہوں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کی صدارت میں ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، اجلاس میں سبطین خان، ہاشم ڈوگر، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ اور دیگر نے شرکت کی۔ قیادت نے اہم فیصلوں کی منظوری دی۔
فواد چودھری کاکہناتھاکہ پنجاب حکومت 25 مئی کے حوالے سے سپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کا نوٹیفکیشن آئندہ ہفتے جاری کرے گی، ایس آئی ٹی تشدد میں ملوث پولیس افسروں کی نشاندہی کرے گی اور ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے ٹویٹ میں خبردار کیا ہے کہ انوسٹی گیشن میں پیش نہ ہونے والے کو گرفتار کر لیں گے۔
اجلاس میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب دوست مزاری کے اقدامات کی تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا گیا، سپیکر سبطین خان اس ضمن میں کمیٹی قائم کریں گے۔