لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 اگست تک توسیع

Published On 26 July,2022 12:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصانات پہنچانے کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 اگست تک توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل خان نے 18 پی ٹی آئی رہنماؤں کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، ڈاکٹر یاسمین راشد ،حماد اظہر ،اسلم اقبال سمیت دیگر نامزد ملزمان پیش ہوئے۔

عدالتی استفسار پر تفتیشی نے بتایا کہ تمام ملزمان شامل تفتیش ہوچکے ہیں جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو حتمی بحث کے لیے طلب کر لیا۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی عبوری ضمانت عدم پیشی کی بنیاد پر خارج کر دی، عدالت نے اعجاز چوہدری کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست مسترد کردی۔

ادھر تحریک انصاف کے رہنما ملزمان نے پولیس اور پراسیکویشن کو مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی درخواست بھی دائر کر دی اور موقف اپنایا کہ دہشگردی کا قانون دہشتگردوں کے لیے بنایا گیا ہے سیاسی رہنماؤں کے لیے نہیں


موقف میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدمات میں دہشتگردی کی دفعات فعال نہیں کرتیں، دہشت گردی کی دفعات خارج کیں جائیں۔