کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دوسروں سے حساب مانگنے والےسابق چیئرمین نیب اپنے اثاثے عوام کے سامنے رکھیں لوگوں کو پتا چلنا چاہیے احتساب کے دعوے کرنے والوں کی حقیقت کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میاں صاحب علاج کی غرض سے گئے تھے، علاج کرا کے آئیں فیصلہ ان کا اور ان کے ڈاکٹرز کا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کی 4 سال حکومت رہی ہے، عمران خان نے جو قرضے لیے ہیں اس کا حساب دے دیں، ہم اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا حساب دے رہے ہیں۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت اوگرا طے کرتا ہے، حکومت نے تیل پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا، تیل کی قیمت بڑھانے یا کم کرنے کا نظام ہے، اس کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، یہ گزشتہ 30 سالوں سے نظام چلا آرہا ہے، دنیا میں قیمت کو بڑھنے کو سامنے رکھ کر قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ شارٹ ٹرم سے کچھ نہیں ہوتا لانگ ٹرم اقدامات کرنے ہوں گے، کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں، 4 سال کی غفلت کا اثر عوام پر کچھ عرصہ رہے گا۔