اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف نا اہلی درخواست قابل سماعت ہونے پر دوبارہ دلائل طلب کر لیے گئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے درخواست گزار کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں، ممبر قومی اسمبلی کی نا اہلی سے متعلق درخواست قابل سماعت ہونے کا بنیادی سوال ہے، عدالتی فیصلوں کی روشنی میں آئندہ سماعت پر درخواست گزار عدالت کی معاونت کریں۔
اسلام آباد کے شہری محمد ساجد نے عمران خان کی نااہلی کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں معلومات چھپائیں، سابق وزیراعظم نے بیٹی ٹائیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا، عمران خان پہلے بیٹی سے متعلق تردید کرتے تھے، اب ٹائیریان سے متعلق سوال کا جواب نہیں دیتے، عمران خان جانتے ہیں ان کیخلاف ثبوت موجود ہیں، عمران خان پبلک آفس یا پارٹی سربراہ کا عہدہ نہیں رکھ سکتے، عمران خان سے پوچھا جائے ان پر آرٹیکل 62ون ایف کا اطلاق کیوں نہ ہو؟