پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ سے پوچھتے ہیں کہ آپ کی ہمدردیاں کس بنیاد پر عمران نیازی کے ساتھ ہیں؟
اپنے ایک بیان میں امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ ملعون سلمان رشدی پر حملے کی مذمت کے بعد عالمی میڈیا کھلم کھلا عمران نیازی کی پشت پناہی کر رہا ہے، جس دن سابق وزیراعظم نے سلمان رشدی پر حملے کی مذمت کی ہے اسی روزسے عالمی اداروں نے پاکستان کو دباؤ میں لانا شروع کر دیا۔ عمران نیازی کے باغیانہ رویوں کو جمہوری کور دینا ہے اور دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاستی ادارے شدید عالمی دباؤ میں ہیں۔ ریاستی ادارے عمران خان کی لامحدود کرپشن، باغیانہ سرکشی کے خلاف کاروائی میں تاخیر پر گامزن ہے۔ عمران نیازی اور اس کی ذریت خود کو آئین اور قانون سے ماورا سمجھتی ہے۔ اگر ریاستی اداروں نے دباؤ میں آکر قوم کی چولیں ہلانے والے مجرم کے خلاف قانون کے مطابق کاروائیوں سے گریز کیا جے یو آئی ملک کے نظریاتی اساس اور آئین کے تحفظ کی خاطر کسی کردار سے گریز نہیں کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقوام متحدہ سے پوچھتے ہیں کہ آپ کی ہمدردیاں کس بنیاد پر عمران نیازی کے ساتھ ہیں؟ پی ٹی آئی چیئر مین کے دور میں انتقامی کاروائیوں کو ایک بار بھی غیر جمہوری قرار دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح طور پر نیازی کے چوری کے اقدامات قوم کے سامنے لائے گئے، آپ کس بنیاد پر ایک آئین شکن اور پاکستان کے نظریاتی اساس پر حملہ آور شخص کی پشت پناہی کررہے ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ابو غریب جیل میں زندہ انسانوں پر کتوں کو چھوڑا گیا؟ اس وقت انسانی حقوق کیوں نظر نہیں آئے؟ آج بھی عافیہ صدیقی امریکی جیلوں میں ہے؟ ان کی ماں دنیا سے چلی گئی۔ انسانی حق یاد نہیں آیا؟ بارہ سال پہلے کہہ دیا لوگ ثبوت مانگتے تھے ثبوت وقت فراہم کرے گا، آج وقت نے ثبوت فراہم کردئے۔ نیازی کو ساری فنڈنگ انڈیا اور اسرائیل سے ہورہی ہے۔