مولانا فضل الرحمان کا بیان، قاسم سوری نے فوٹو شاپ اور جعلی خبر شیئر کردی

Published On 03 August,2022 08:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے فوٹو شاپ اور جعلی خبر شیئر کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مولانا فضل الرحمان کے بیان کی دنیا نیوز کی ایک پوسٹ شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ حساب تو دینا پڑے گا۔

پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بیان دیا گیا کہ جمعیت علما اسلام اللہ کے غیبی امداد پر چل رہی ہے، ہم الیکشن کمیشن کو حساب نہیں دے گے۔

واضح رہے کہ دنیا نیوز کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور قاسم سوری کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ فوٹو شاپ ہے اور حقیقت میں جو پوسٹ دنیا نیوز کی جانب سے شیئر کی گئی ہے اس میں یہ الفاظ نہیں ہیں بلکہ اس پوسٹ میں جو مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بیان دیا گیا ہے اس کے مطابق سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا، اب نکلنا آسان نہیں۔

اس خبر میں دنیا نیوز کی جانب سے دونوں پوسٹ کے سکرین شاٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا لنک بھی شیئر کیا جارہا ہے تاکہ اصل اور فیک نیوز کے بارے قارئین کو پتہ چل سکے۔

اصل پوسٹ

جعلی اور ایڈٹ شدہ پوسٹ

 
 

Advertisement