اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔ متاثرین کیلئے رقم عطیہ کرنے کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بارشوں اورسیلابی ریلوں کے باعث ریلیف کے کاموں میں مشکلات آ رہی ہیں۔ مصیبت میں گھرے اہل وطن مدد کے منتظرہیں، غیرمعمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قومی جذبہ دکھاتے ہوئے ہم سب کو ان کا سہارا بننا ہوگا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ متاثرین سیلاب کے لیے قوم خصوصاً بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے، بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکارہوگی۔ وفاقی حکومت صوبوں سے مل کربھرپورکوششیں کررہی ہے اور وسائل کو موبلائز کیا جارہا ہے۔
وزیراطلاعات نے وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے عطیات جمع کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔