بجلی صارفین کو نئے بل بھیج رہے، کسی کو ٹھیک کرانے کی ضرورت نہیں: خرم دستگیر

Published On 01 September,2022 04:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں شدید سیلابی ریلے سے بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔سوات اور باجوڑ میں بجلی کی بحالی چیلنج ہے۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی کا پیسکو ہیڈ کوارٹر پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ملک میں معمول کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ سوات، منڈا، مٹہ کے بند گرڈ اسٹیشنز جلد بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سوات اورباجوڑ کے علاوہ باقی صوبے میں بجلی مکمل بحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے خیبر پختونخوامیں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ،پیسکو کو سیلاب سے 40 کروڑ روپے اور ٹیسکو کو 6 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے، سات سے پندرہ دنوں میں بجلی مکمل بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔


خرم دستگیر نے کہا کہ سیلاب سے کے پی میں نو گرڈ اسٹیشن متاثر ہوئے،متاثرہ 9 گرڈ اسٹیشنز میں سے 6 بحال ہو گئے ہیں،126 فیڈرز متاثر ہوئے جن میں سے 121 بحال ہو گئے، بجلی صارفین کو نئے بل جاری کئے جا رہے ہیں، کسی کو بل ٹھیک کرانے کی ضرورت نہیں، اکتوبر سے بجلی بلوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔