لندن: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عدالتوں نے نواز شریف ، مریم نواز اور میرے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے معاملے پر خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزراء خزانہ نے حلف کا پاس نہیں رکھا۔ آئندہ سال پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی کےلئے 21 سے 22 ارب ڈالر درکار ہیں۔ اگر آئی ایم ایف معاہدے نہ کرتے تو حالات مشکل ہو جانے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے نواز شریف، مریم نواز اور میرے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ میرے قائد چاہتے ہیں وہ گزرے کل پاکستان میں ہوتے۔ نواز شریف کی واپسی ڈاکٹرز کی اجازت سے مشروط ہے۔ ہمیں ان کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے وزیراعظم ضرور ہیں لیکن فیصلے پی ڈی ایم کی مشاورت سے کئے جاتے ہیں۔ سابق حکومت نے جو معاہدے کئے تھے اس کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ تمام معاہدے سابق حکومت نے کئے تھے جس کے باعث مہنگائی ہو رہی ہے۔