اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف کو بطورِ وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے زیادہ قیمتی تحائف ملے اور تمام کے تمام توشہ خانہ میں جمع کروا دیئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی تاریخ میں ایک منفرد مثال اور وزیراعظم ہاؤس میں ایک نئی روایت قائم کی ہےاور ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کو ملنے والے غیرملکی تحائف مستقل طور پر وزیراعظم ہاؤس میں رکھے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نےہدایت کی کہ غیر ملکی تحائف عوام کو دکھانےکا اہتمام کیا جائے تاکہ عوام دوست ممالک کی پاکستان سے محبت سے آگاہ ہوں ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس میں جگہ مختص کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سرکاری خزانے میں جمع کرا دئیے ہیں۔ توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کی مالیت 27 کروڑ روپے ہے۔ وزیراعظم کو یہ قیمتی تحائف خلیجی ممالک کے دوروں کے دوران ملے تھے ۔ تحائف میں ہیرے جڑی دو قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں ۔ ایک گھڑی کی مالیت 10 کروڑ اور دوسری کی قیمت 17 کروڑ بتائی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق خلیجی ریاستوں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو سابق وزیراعظم عمران خان کے مقابلہ میں زیادہ مہنگے تحائف دیئے گئے تاہم وزیراعظم نےگھڑیاں، قیمتی قلم، انگوٹھی، ‘کف لنک (بٹن)، اور خوشبوسمیت تمام بیش قیمت تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دئیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف بطور وزیر اعلی پنجاب اپنے دس سالہ دور میں ملنے والے تمام غیرملکی تحائف توشہ خانے میں جمع کرواتے رہے ہیں۔