اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا جس میں آرمی چیف کی تقرری سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، کابینہ اجلاس میں سیلاب کی صورت حال اور ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی جائے گی، عمران خان کے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
عمران نیازی کی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم ہر روز نئی انتہا کو چھو رہی ہے:شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اداروں کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف نفرت پھیلانے کی عمران نیازی کی مہم ہر روز ایک نئی انتہا کو چھو رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عمران نیازی کی اداروں کوبدنام کرنے اور ان کے خلاف نفرت پھیلانے کی انتہائی قابل مذمت مہم ہر روز نئی انتہا کو چھو رہی ہے، عمران خان اب براہ راست فوج اور فوجی قیادت پر کیچڑ اچھال رہے ہیں اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کا مزید کہا کہ عمران خان اب فوج اور فوجی قیادت کے بارے میں براہ راست کیچڑ اچھال رہے ہیں اور زہریلے الزامات لگا رہے ہیں، عمران خان کا مذموم ایجنڈا واضح طور پر پاکستان کو نقصان پہنچانا اور کمزور کرنا ہے۔
فوج مخالف بیانات قابل مذمت،سازشیوں سےقانون کے مطابق نمٹیں گے:پی ڈی ایم
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے عمران خان کے فوج مخالف بیانات کی شدید مذمت کی ہے، پی ڈی ایم کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا، سازشی عناصر کو آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان کو کمزور کرنے کے ہر مذموم ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے۔
حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کی جانب سے مشترکہ بیان کے مطابق عمران خان نے جلسے میں افواج پاکستان اور اس کی قیادت کیخلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ وارانہ امورکو متنازعہ بنایا، پوری قوم سیلاب سے لڑ رہی ہے، نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبا عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگین بہتان تراشی کا مقصدمعاشی بحالی کے عمل کو متاثر کر کے پاکستان کو سری لنکا بنانا اورعوام کو فوج سے لڑانا ہے، الزامات کا مقصد فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔
حکمران اتحاد نے کہا کہ سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے، پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، مسلح افواج ملک میں سیلاب متاثرین کی مدد کی قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
حکومتی اتحاد نے کہا کہ مسلح افواج دہشتگردی کیخلاف جرات وبہادری اور دلیری سے جنگ لڑرہی ہیں، اس جنگ میں فوج کے افسر اور جوان جام شہادت نوش کررہے ہیں، پوری قوم دہشتگردی سے نجات ، معاشی استحکام ، سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد اور ایک آواز ہے، ایک تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے جھوٹ، پراپیگنڈے اور بہتان تراشی کے ذریعے مسلسل نفرت پھیلا رہی ہے، معیشت کی بحالی سمیت قومی مفادات کے تحفظ کا عمل متاثرنہیں ہونے دینگے۔
عمران نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا اداروں کو متنازع نہیں بننے دینگے،زرداری
سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا، ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔
پیپلز پارٹی رہنما آصف زرداری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ فتنہ کون ہے۔آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے، اس شخص نے ملک کو کمزور کرنے کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اداروں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے، ہمارے ہر سپاہی سے لیکر جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کی کوشش جاری ہے اور یہ شخص جلسہ جلسہ کھیل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
عمران ملکی سلامتی کیلئے خطرہ، آئندہ لمبی کارروائیاں ہونے والی ہیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان بھارت کی طرح پاکستان کی معیشت اور دفاع پر حملہ آور ہیں، اداروں کو ٹارگٹ کرنا ان کا شیوہ ہے، وہ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، آنے والے دنوں میں ان کے خلاف لمبی کارروائیاں ہونے والی ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اداروں کو ٹارگٹ کرنا عمران خان کا شیوہ ہے، جب تک عمران خان کے پاس اقتدار ہو اس وقت تک سب ٹھیک نظر آتاہے، فوج کا یہ کام نہیں کہ سیاسی پارٹیوں کو تحفظ فراہم کریں، افواج کا کام صرف قوم اور سرحدوں پر تحفظ کا نظام لاگو کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کے لیے تحفظ مانگتے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین سمیت اہلخانہ بھی کرپشن میں ملوث ہیں، تاریخ میں جہاں جہاں بھی قوم کو تحفظ کی ضرورت پڑی ہماری افواج نے کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے، جلسوں میں اپنے مفاد کے لیے اداروں کے خلاف بیانات اداروں کے تقدس کے مخالف ہے، آئین اور قانون کی طاقت سے عمران خان کی سازش کو ناکام بنائیں گے، عمران خان کے خلاف آئندہ دنوں میں لمبی کارروائی ہونے والی ہے، قانونی پہلو دیکھ کر فارن فنڈنگ پر کارروائی ہوگی۔