بھارت کیساتھ نتیجہ خیز اور بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

Published On 08 September,2022 06:06 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مختلف مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد ہمیشہ نتیجہ خیز اور بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ پاک بھارت مذاکرات میں بنیادی مسائل میں سے ایک ہے۔ پاکستان کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے اور ہم بات چیت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے، یہ ہندوستان ہی ہے جو 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھی پاکستان کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد کے تمام غیر قانونی اقدامات نے ماحول کو مزید خراب کیا اور مذاکرات کے لیے درکار اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ ان تمام باتوں کے باوجود بات چیت اہم ہے اور ہم نے بھارت پر زور دیا ہے وہ ضروری اقدامات کرے، جس میں ان تمام غیر قانونی اقدامات کی واپسی بھی شامل ہے تاکہ ایسا ماحول پیدا کیا جا سکے جس میں بامعنی اور نتیجہ خیز ہو سکے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے تین کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس آفت سے نمٹنے کے لیے مزید بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement