اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر برطانوی وزیرِ اعظم الزبتھ ٹرس کو تعزیتی خط لکھا ہے جس میں ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر برطانوی ہم منصب اور ان کے توسط سے شاہی خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔
وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ بحیثیت ملکہ، برطانیہ پر طویل ترین مدت تک حکمرانی کرنے کے ساتھ ساتھ ملکہ الزبتھ دوئم نے اس تمام عرصہ میں برطانیہ اور دنیا بھر میں مثبت تبدیلیوں میں کلیدی کرداد ادا کیا،ملکہ الزبتھ دوئم کے دولتِ مشترکہ کیلئے خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں یہ تنظیم دنیا کی سب سے بڑی آزاد ممالک کی تنظیم بن گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ طویل عرصہ تک عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے خدمات کے باوجود ملکہ الزبتھ کی شخصیت اور ان کی موجودگی یونائیٹڈ کنگڈم اور دنیا بھر کے لوگوں کیلئے اتحاد اور اخوت کی طاقت کا نشان بنی، برطانیہ اور دولتِ مشترکہ کی سربراہ کے طور پر پاکستانی عوام کے ملکہ الزبتھ کیلئے ہمیشہ احترام اور عزت کے جذبات رہے۔
انہوں نے کہا کہ دہائیوں پر محیط ان کی حکومت کے دوران پاکستانی عوام اور ملکہ الزبتھ کے درمیان اس عزت و احترام کے رشتے میں مضبوطی میں اضافہ ہوا۔مشکل کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی تمام تر ہمدردیاں برطانوی شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔