اسلام آباد (دنیا نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے میرٹ پر آرمی چیف کی تعیناتی کی بات کی ہے، عمران خان کسی کو ہراساں نہیں کر رہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اُن پر جھوٹے بے بنیاد مقدمات بنائے گئے ہیں، جب وہ وزیر داخلہ تھے تو کسی ایک رہنما پر جھوٹا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، حکومت کو میرے خلاف جب کچھ نہیں ملا تو جھوٹا مقدمہ درج کر دیا گیا،
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ اُمید ہے یہ مقدمہ جلد ختم ہو جائے گا، مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ ملک میں الیکشن کرائے جائیں، عمران خان کا بھی چاہتے ہیں کہ ملک میں الیکشن کرائے جائیں۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک تقریباً ڈیفالٹ ہو چکا ہے صرف اعلان ہونا باقی ہے، حکومت نے بجلی 4.50 روپےفی یونٹ مزید مہنگی کردی ہے، ساری سیاست نومبر کے گرد گھوم رہی ہے، مولانا فضل الرحمان نے توسیع دینے والی پارلیمنٹ کی مدت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ملک تقریباً ڈیفالٹ ہوچکا ہےصرف اعلان ہوناباقی ہےبجلی 4.50 روپےفی یونٹ مزیدمنگی کردی ہے۔فضل الرحمان نےایکسٹنشن دینےوالی پارلمنٹ کی مدت بڑھانےکا مطالبہ کردیا ہے۔ساری سیاست نومبر کےگردگھوم رہی ہے۔اقتدار کےبھوکوں کاجمعہ بازارلگا ہےاورعوام کاچولھانہیں جل رہا،وہ خودبخودسڑکوں پرنکلیں گے
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 13, 2022
سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے اورعوام کا چولہا نہیں جل رہا، وہ خودبخود سڑکوں پرنکلیں گے۔