کراچی:( صالحہ فیروزخان) جہاں دنیا بھر ملکہ الزبتھ کےانتقال پر فضا سوگوارہے وہیں کراچی کے ٹرک آرٹسٹوں نے ملکہ الزبتھ سے محبت کا اظہار اپنے نرالے انداز میں کیا ،طارق خان اور نوید شہزاد نے کراچی کے ایم ٹی خان رو ڈ پر ملکہ برطانیہ کی تصویر کو دیوار پر پینٹ کیا-،
ٹرک آرٹسٹ طارق خان کا کہنا تھا انکی وفات کی خبر سنی توخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے میں نے اور میرے سینئرآرٹسٹ نوید شہزاد کیساتھ ملکر انکی تصویر کو دیوار پر پینٹ کیا مجھے یقین ہے کہ یہ دنیا کی پہلی دیوار ہو گی جس پر ملکہ برطانیہ کی تصویرکورنگوں سے سجایا گیا۔
دنیا ٹی وی سے ٹرک آرٹسٹ طارق خان نے خصوصی گفتگو میں بتایاکہ میں ملکہ الزبتھ کے مداحوں میں سے ہوں انکی حیات میں ہی تصویر بنانا چاہتا تھا پینٹنگ میں تین دن لگے اور تصویر بنانے کا مقصدکوئین الزبتھ سے محبت کے اظہار کیساتھ شاہی خاندان سے تعزیت بھی ہے۔
آرٹسٹ طارق خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکہ الزبتھ کی تصویرخوش رنگوں سے بنائی ہے کیونکہ وہ خود بھی خوش مزاج خاتون تھی۔میری خواہش ہے میں بنگھم پیلس جا کریہ آرٹ پیش کروں۔
کراچی کے ایم ٹی خان روڈ پر بنایا جانے والا ملکہ برطانیہ کی پینٹگ کا عمدہ شاہکار آنے جانے والوں کواپنی طرف متوجہ کررہا ہے ۔ کراچی کی دیوار پر بنائی جانیوالی ملکہ الزبتھ کی یہ پینٹگز اس خوبصورتی سے بنائی گئی جیسے تصویر اب بول پڑے گی،تصویر میں ملکہ برطانیہ کا ہیروں سے جڑا کراؤن بھی انکے سر پر سجایا گیا ہے جسے دی کراؤن کہا جاتا ہے۔ اور انکی تصویر پرآخری الفاظ بھی تحریر کیے گئے۔ ہمارے دور کی سب سے مشہورملکہ نے بالآخر الودع کہہ ہی دیا۔
ٹرک آرٹسٹوں کا ملکہ الزبتھ کی تصویر کو بنانے کا یہ عزم قابل تعریف ہے جس سے پاکستان اور پوری قوم کی طرف سے مثبت پہلوکی عکاسی ہو رہی ہے ٹرک آرٹسٹ نے بتایا کہ ماضی میں بھی غیر ملکی اورملکی لیجنڈز کی تصاویر کو آرٹ کے رنگوں سے مزین کرتے رہے ہیں۔