اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نور خان ائیربیس سے لندن روانہ ہو گئے، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اور نگزیب بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف 19 ستمبر کو ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سمیت دنیا بھرسے 500 سربراہان مملکت اور وفود ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے، امریکی صدر جوبائیڈن بھی آخری رسومات میں شریک ہوں گے، سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کو آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں روس، افغانستان، ایران، بیلاروس اور میانمار سمیت کئی ملکوں کے رہنماؤں کو دعوت نہیں دی گئی۔
ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا جائیں گے اور جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔