فیصل آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان لیڈر یا سیاستدان نہیں بلکہ فتنہ اور فساد ہے، پی ٹی آئی چیئرمین صرف باتیں نہ کریں، کال دیں، جتنے چاہے بندے لے آئیں، ہم بھی تیار بیٹھے ہیں، انتشار پھیلانے والوں کو رسوا کرکے واپس بھیجیں گے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کہتا ہے آپ پٹرول پر سبسڈی ختم کریں، پاکستان میں اتنی ہمت نہیں ہے وہ آئی ایم ایف کے سامنے کھڑا ہو سکے، ہم لوگوں کے پیٹ چیر کر پیسے نکالیں گے، جب میاں نواز شریف کو دوبارہ پاکستان کا وزیراعظم بنایا تو پوری دنیا کے اخبار لکھ رہے تھے کہ پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بننے جا رہا ہے، اس ملک کو بہت اوپر لے کر جانے والوں نے اس ملک کو لوڈشیڈنگ دی، پاکستان مسلم لیگ کو حکومت ملی تو لاڈلے کو کنٹنیر پر چڑھا دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی اگر مہنگی ہے تو اس وجہ سے کہ تیل مہنگا ہے، جو کارخانے پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے لگائے تھے وہ آج بھی اتنی بجلی پیدا کر رہے ہیں جتنی پاکستان کو ضرورت ہے، پچھلے 4 سال سے دہشت گردی ختم کرنے پر کوئی کام نہیں ہوا، پاکستان مسلم لیگ ن اور میاں نواز شریف کا جزبہ ہے عوام کی خدمت کرنا، نواز شریف نے رنگ روڈ، موٹر وے اور سڑکیں بنائیں، اگر ہمیں کام کرنے دیا جاتا جتنے ہم نے بجلی کے کارخانے لگا دیےتھے تو آج بجلی سستی ہوتی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے فیصل آباد کو ایکسپریس وے دیا، ہمیں صرف ڈیڑھ مہینے کی پنجاب حکومت ملی ہے، بجٹ جون میں پاس ہوتا ہے، جب بجٹ پاس ہوتا ہے تو اس میں ترقیاتی اسکمیں پاس ہوتی ہیں، اے ڈی پی میں جو سڑک منظور ہو جاتی ہے وہ لازمی بنتی ہے، 100 ایکڑ پر ایک سرکاری اسپتال کی منظوری کروائی ہے، اگر پنجاب میں مسلم لیگ کی حکومت ت ہوتی تو اب تک کام شروع ہو چکے ہوتے، اللہ کی طرف سے آنے والی مصیبت کو ہم یہ نہیں کہ سکتے کے یہ بڑا غلط ہوا ہے، سیلاب میں جو حالات ہوئے ہیں یہ اللہ کو مرضی ہے اس میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا، گھر اور مویشی پانی میں بہہ گئے، ساڑھے 3 کروڑ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، وفاقی حکومت نے سارے فنڈز سیلاب متاثرین کے لیے مختص کیے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میری ذمہ داریوں کی وجہ سے میں آپ کی خوشی اور غمی میں کم کم شریک ہو رہا ہوں، ہمیں دوبارہ آپ کی اور آپ کے ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے، عمران خان اپنے اتحادیوں کو حقارت کی نظر سے دیکھتا تھا، ہم نے پی ٹی آئی کا ایک بھی ووٹ نہیں توڑا اس کے اتحادی خود چھوڑ کر ہمارے پاس آئی۔