وزیراعلیٰ سندھ کا رتو ڈیرو، شہداد کوٹ کا دورہ، سیلاب متاثرین سے ملاقات

Published On 22 September,2022 03:32 pm

رتو ڈیرو: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقے رتو ڈیرو اور شہداد کوٹ کا دورہ، امدادی کیمپ میں متاثرین سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقے رتو ڈیرو اور شہداد کوٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے میڈیکل کیمپ میں ادویات کے سٹاک کا بھی معائنہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ملیریا کی دوائی ہر کیمپ میں ہونی چاہیے، متاثرین کو ہرممکن سولیات مہیا کی جائیں، سندھ میں بہت زیادہ بارش ہوئی ہے جس کا اندازہ نہیں کرسکتے، میں سارا سندھ گھوما ہوں ہر ضلع میں گیا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاڑکانہ، جیکب آباد اور بلوچستان کے لوگ بھی یہاں ٹینٹ میں موجود ہیں، پڈعیدن میں 18 سو ملی میٹر جب کے ایوریج 11 سو ملی میٹر تک ہر علاقے میں بارش ہوئی ہے، کشمور سے منچھر جھیل تک علاقے دریا بنے ہوئے ہیں۔