امید ہے سندھ حکومت سیلاب متاثرین کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی: آصفہ زرداری

Published On 24 September,2022 11:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امید ہے حکومتِ سندھ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔

آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بینظیر آباد میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سکرنڈ میں واقع سیلاب متاثرین کے لئے بنائے گئے ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا۔

آصفہ نے مختلف مقامات پر سیلاب متاثرین کے مسائل سے آگاہی حاصل کی اور پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹو کے تحت میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا۔

سابق صدر کی چھوٹی صاحبزادی نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رضاکاروں سے ملیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی، آصفہ نے سیلاب سے متاثرہ خواتین اور بچوں میں ضروریات کا سامان بھی تقسیم کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایک مہینہ ہو چکا، ہمارے عوام تاحال اس سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں، جس نے سندھ کو ڈبودیا ہے، تین کروڑ سے زائد متاثرین اور بے گھر افراد کو پناہ، خوراک اور ادویات کی ضرورت ہے۔ امدادی کیمپوں میں رہائش پذیر متاثرین نے مجھے اپنی پریشانیوں سے آگاہ کیا، امید ہے حکومتِ سندھ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اپنی انتھک کاوشیں جاری رکھے گی۔

آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ ڈینگی، ملیریا اور اسہال کی پھیلتی بیماریاں تباہی کی دوسری لہر ثابت ہورہی ہیں، پی پی آئی ایچ کی طرح میڈیکل کیمپوں نے خدمت کے لئے خود کو وقف کیا ہوا ہے تاہم ان کو ہم سب کی مدد کی ضرورت ہے، اس سطح کی بڑی آفت کے سامنے ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودہ فراہمی کم ہے، ہمیں ہر ایک کی ضرورت ہے کہ وہ آگے آئے اور مدد کرے، عطیہ دے اور رضا کار بنے تاکہ سیلاب سے ہونے والی تباہی میں کمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
 

Advertisement